حیدرآباد۔ 20۔ دسمبر (اعتماد نیوز) ماریڈ پلی پولیس کو جوبلی بس اسٹانڈ سے نومولود کی نعش ایک بیاگ سے دستیاب ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پلیٹ فارم نمبر ایک پر کافی دیرسے ایک بیاگ رکھا ہوا تھا ۔ وہاں موجود افراد نے سمجھا کہ شائد یہ کسی مسافر کا ہوگا ۔ بعد ازاں لاوارث بیاگ کی موجودگی سے سنسنی پھیل گئی پولیس کو اطلاع دی گئی ۔ پولیس نے جب بیاگ کھولا تو اس میں سے نومولود کی نعش دستیاب ہوئی ۔ نعش کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں محفوظ کروادیا گیا ہے ۔
قتل کی 3 وارداتیں
حیدرآباد۔ 20؍ دسمبر (اعتماد نیوز) شہر اور مضافات میں علیٰحدہ طور پر قتل کی 3 وارداتیں پیش آئیں۔ پولیس کے مطابق 40 سالہ نامعلوم شخص کی نعش ستیم کمپیوٹر کے عقبی سمت واقع ایک قدیم
مکان سے مسخ شدہ حالت میں دستیاب ہوئی۔ حملہ آوروں نے سر پر پتھر ڈال کر نامعلوم شخص کا قتل کردیا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم اور شناخت کی غرض سے مردہ خانہ میں محفوظ کروادیا گیا۔ 35 تا 40 سالہ درمیانی عمر کے شخص کی نعش پولیس کو موضع گاگیلا پور کے علاقہ سری رام گوڑہ سے دستیاب ہوئی۔ اس کے سر پر بھی وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ رائے درگ پولیس کے مطابق 45 سالہ پرکاش سنگھ ساکن نانک رام گوڑہ آج صبح گھر سے نکلا اور واپس نہیں لوٹا۔ اس کی نعش پولیس کو مکان کے قریب کھلی اراضی سے دستیاب ہوئی۔ پرکاش سنگھ کے جسم پر زخموں کے نشانات پائے گئے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس کا قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس مختلف زاویوں سے اس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔